
پرندوں کو بوتل کے ڈھکنے کے بدلے کھانا دینے والی مشین
سویڈن: کوے اور دیگر پرندے بہت ہوشیار ہوتے ہیں اور کئی اقسام کے اوزار بھی بناکر استعمال کرلیتے ہیں۔ اب ایک صاحب نے ایسی مشین بنائی ہے جس میں پرندہ اگر بوتل کا ڈھکنا گراتا ہے تو اس کے بدلے مشین پرندے کو کھانا فراہم کرتی ہے۔
سویڈن میں روبوٹک اور مصنوعی ذہانت کے ماہر ہانس فورسبرگ نے ایک مشین بنائی ہے جس پر اب نیل کنٹھ جیسے یورپی پرندے (میگ پائز) اطراف سے بوتل کے ڈھکن لاکر ڈالتے ہیں اور بدلے میں کھانا کھاتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پرندے اس کے عادی ہوگئے ہیں اور وہ روزانہ ہی سڑک پر گرے بوتل کے ڈھکنے لاکر انعام کے طور پر مشین سے اپنا دانہ لے جاتے ہیں۔
انس فورسبرگ کےمطابق میگ پائی پرندے بہت ذہین ہوتےہیں اور انہوں نے یہ اہم کام بھی سیکھ لیا ۔ اب روزانہ کئی پرندے باغات، بیک یارڈ،سڑکوں اور دیگر مقامات سے بوتل کے ڈھکنے لے کر آتے ہیں ۔ اس کے بدلے ئانس کو ری سائیکل کا سامان مل جاتا ہے۔ اس طرح پرندے سڑکوں سے کوڑا کم کرکے اپنی خوراک کا تحفہ لے رہے ہیں۔ اس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
ہانس نے ایک بار اپنے گھر کے باغ میں دیکھا کہ یہ پرندے بلبوں پر لگے شیشے کے لاک کو کھولنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے بعد انہیں مشین بنانے کا خیال آیا۔ ہانس کے مطابق ان پرندوں نے ری سائیکلنگ میں مدد کرکے انہیں حیران کردیا ہے۔ یہ پرندے کووں کی طرح چیزوں کو لے اڑنے کے ماہر بھی ہوتےہیں۔
Leave a Reply